نئی دہلی 26/اکتوبر(ایس او نیوز/ایجنسی) دہلی فسادات سے متعلق ایک مقدمہ میں عدالت نے دہلی پولیس کی تفتیش پر سنگین سوال اٹھاتے ہوئے قتل کے گیارہ؍ملزمین جو سب کے سب مسلم نوجوان ہیں ،کو باعزت بری کردیا۔
روزنامہ انقلاب کی رپورٹ کے مطابق بری ہونے والوں میں محمد فیصل، راشد ،اشرف، راشد عرف راجہ ، شاہ رخ، شعیب عرف چھوٹوا اور محمد طاہر شامل ہیں ۔ان پر شمال مشرقی دہلی کے گوکل پوری علاقے میں ایک مٹھائی کی دکان میں کام کرنے والے ۲۲؍سالہ دلبر نیگی کو قتل کرنے کا الزام تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے مقدمے کی سماعت کے دوران پولیس کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے ملزمین کے خلاف مقدمہ کو سرے سے خارج کردیا اور تمام ملزمین کو ڈسچارج کردیا ۔ عدالت نے کہا کہ پولیس نے اتنے سنگین اور وحشت انگیز قضیہ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اصل مجرموں کی شناخت اور گرفتاری کے بجائے بے قصوروں کو پکڑ کر خانہ پری کی ہے۔ واضح رہے کہ ان ملزمین کا کیس جمعیۃ علماء ہند کے وکیلوں نے لڑا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے موکلوں پر لگایا گیا الزام بے بنیاد تھا ، عدالت نے ضمانت کے وقت بھی اس کی طرف اشارہ کیا تھا لیکن پولیس اپنی غیرمنصفانہ تھیوری پر قائم رہی جس کے نتیجے میں کیس ہی خارج ہو گیا۔